لاہور: معروف پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ نے ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے ان کے حق میں خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔ رجب بٹ نے ماضی کے اختلافات کو نظرانداز کرتے ہوئے مشکل گھڑی میں سابق دوست کا حوصلہ بڑھایا اور ہر ممکن ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے ٹک ٹاکر محمد انصر جٹ، جو سوشل میڈیا پر مسٹر پتلو کے نام سے پہچانے جاتے ہیں، کی مہندی کی تقریب سے قبل پیش آنے والے بھگدڑ کے واقعے نے افسوسناک صورتحال اختیار کرلی تھی۔ اس حادثے میں چار افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 14 افراد زخمی ہوئے تھے۔

واقعے کے بعد مسٹر پتلو نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے متاثرہ افراد اور ان کے اہل خانہ سے معذرت کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے پنجاب حکومت سے تعاون کی اپیل بھی کی اور دعویٰ کیا کہ اس واقعے کے سلسلے میں ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

اس صورتحال میں رجب بٹ نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام کے ذریعے مسٹر پتلو سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ اس وقت دونوں کے درمیان رابطہ نہیں ہے اور نہ ہی پہلے کی طرح بات چیت ہوتی ہے، تاہم ماضی میں انہوں نے ایک ساتھ اچھا وقت گزارا ہے، جسے وہ فراموش نہیں کرسکتے۔

رجب بٹ نے اپنے پیغام میں مسٹر پتلو کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ زندگی میں مشکل حالات آتے رہتے ہیں، ایسے وقت میں ہمت نہیں ہارنی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں تنہا محسوس نہیں کرنا چاہیے۔

معروف یوٹیوبر نے مزید بتایا کہ ان کی والدہ بھی مسٹر پتلو کے لیے دعائیں کر رہی ہیں اور ان سے بات کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔ ان کے مطابق مشکل وقت میں انسان کو حوصلے اور اپنوں کی دعاؤں کی سب سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔

رجب بٹ کے اس پیغام کو سوشل میڈیا پر دونوں شخصیات کے تعلقات کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ ماضی میں ان کے درمیان اختلافات اور دوریوں کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں۔

واضح رہے کہ مسٹر پتلو کی تقریب سے قبل پیش آنے والے حادثے میں جانی نقصان کے بعد یہ معاملہ سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہے۔ ایسے میں رجب بٹ کی جانب سے اختلافات کے باوجود حمایت کا اظہار بھی صارفین کی توجہ حاصل کر رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *