نیویارک میں اسپائیڈر مین کے مداح عالمی ریکارڈ بنانے میں ناکام، 685 افراد کا ہدف پورا نہ ہوسکا
نیویارک: امریکی شہر نیویارک میں مارول کے سیکڑوں مداحوں نے اسپائیڈر مین کا مخصوص لباس پہن کر عالمی ریکارڈ اپنے نام کرنے کی کوشش کی، تاہم شرکا کی تعداد مطلوبہ حد تک نہ پہنچنے کے باعث یہ کوشش کامیاب نہ ہوسکی۔
یہ منفرد تقریب نیویارک کامک کون کے موقع پر منعقد ہوئی، جہاں مختلف مقامات سے آنے والے افراد نے اسپائیڈر مین کا روپ دھار کر ایک جگہ جمع ہونے کا اہتمام کیا۔ اس سرگرمی کا مقصد ایک مقام پر اسپائیڈر مین کا لباس پہننے والے افراد کے سب سے بڑے اجتماع کا گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرنا تھا۔
اس تقریب کا انعقاد کھلونے بنانے والی کمپنی جازویئرز نے ڈزنی کنزیومر پروڈکٹس کے تعاون سے کیا۔ منتظمین کو امید تھی کہ بڑی تعداد میں مداحوں کی شامل ہونے کے ذریعے سابقہ ریکارڈ توڑ کر نیا عالمی اعزاز حاصل کیا جا سکے گا۔
تاہم، تقریب میں شریک افراد کی حتمی تعداد فوری طور پر جاری نہیں کی گئی۔ منتظمین کے مطابق اجتماع میں لوگوں کی شرکت قابلِ ذکر رہی، لیکن لوگوں کی تعداد ابھی کےعالمی ریکارڈ سے کم تھی، جس کے باعث نیا ریکارڈ قائم نہ ہوسکا۔
گینیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق اسپائیڈر مین کا لباس پہن کر ایک مقام پر جمع ہونے والے افراد کی سب سے بڑی تعداد کا موجودہ ریکارڈ 685 ہے۔ یہ اعزاز 2023 میں ملائیشیا میں قائم کیا گیا تھا، جب سونی پکچرز انٹرٹینمنٹ ملائیشیا نے فلم ’اسپائیڈر مین: ایکروس دی اسپائیڈر ورس‘ کی سینما گھروں میں نمائش کے موقع پر خصوصی تقریب منعقد کی تھی۔
نیویارک میں ہونے والی اس سرگرمی نے سپر ہیرو فلموں اور کامکس کے شائقین کی توجہ حاصل کی۔ اگرچہ شرکا عالمی ریکارڈ توڑنے میں کامیاب نہ ہوسکے، لیکن اسپائیڈر مین کے لباس میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت نے تقریب کو ایک منفرد رنگ دے دیا۔
فی الحال منتظمین کی جانب سے شرکا کی حتمی تعداد سامنے نہ آنے کے باعث یہ واضح نہیں کہ موجودہ ریکارڈ سے کتنے افراد کم تھے۔ تاہم، 685 افراد کا سابقہ ریکارڈ برقرار ہے۔
