کراچی: پاکستانی ماڈل ہما سلیم نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے ایک معروف کرکٹر پر ہراسانی اور دباؤ ڈالنے کے الزامات عائد کرتے ہوئے اشارہ دیا ہے کہ وہ جلد اس معاملے میں قانونی راستہ اختیار کریں گی۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں ہما سلیم کا کہنا تھا کہ وہ کچھ عرصے سے مسلسل ذہنی پریشانی، مبینہ ہراسانی اور دھمکی آمیز رویے کا سامنا کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق یہ صورتحال ان کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی دونوں کو متاثر کر رہی ہے۔
ماڈل نے دعویٰ کیا کہ وہ گزشتہ تقریباً دو ماہ سے متعلقہ شخص کے ساتھ کسی قسم کے رابطے میں نہیں ہیں، تاہم اس کے باوجود انہیں اور ان کے قریبی افراد کو مبینہ طور پر مختلف طریقوں سے پریشان کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔ ہما سلیم کے مطابق ان کی قانونی ٹیم اس معاملے پر کام کر رہی ہے اور مناسب وقت آنے پر تمام متعلقہ شواہد اور مزید تفصیلات عوام کے سامنے پیش کی جائیں گی۔
ہما سلیم نے اپنی پوسٹ میں کسی بھی کرکٹر کا نام ظاہر نہیں کیا۔ اس معاملے پر اب تک کسی کھلاڑی یا اس کے نمائندے کی جانب سے باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا، اس لیے ان الزامات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
