• اکتوبر 31, 2020

پاکستان کے کسی پائلٹ کے پاس جعلی لائسنس نہیں: ڈی جی سول ایوی ایشن کا انکشاف

کراچی: ڈی جی سول ایوی ایشن نے انکشاف کیا ہےکہ پاکستان کے کسی پائلٹ کے پاس بھی جعلی لائسنس نہیں اور پاکستانی ایوی ایشن اتھارٹی نے  پائلٹس کو خود لائسنس جاری کیے۔

ڈائریکٹر جنرل پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی ناصر جامی اور سیکرٹری ایوی ایشن نے اومان سول ایوی ایشن کے سربراہ کو خط لکھا ہے جس میں وضاحت کی گئی ہے کہ پاکستانی پائلٹس کو جاری کردہ تمام لائسنسوں کا فارنزک کرلیا گیا ہے، لائسنسنگ کیلئے کمپیوٹر پر ہونے والے امتحانات میں کچھ تضادات اور مسائل موجود ہیں اور ایسے پائلٹ جن کے لائسنس پر معمولی سا سوالیہ نشان بھی تھا انہیں مشتبہ قرار دے کر گراؤنڈ کر دیا گیا اور وضاحت طلب کی گئی ہے۔

ڈی جی سول ایوی ایشن حسن ناصر جامی نے اپنے خط میں لکھا کہ ایوی ایشن اصلاحات کے دوران لائسنسز کی تصدیق کا عمل کیا گیا، پروسیجر میں بعض خامیوں کی نشاندہی ہوئی ہے جنہیں دور کیا جارہا ہے جب کہ چند کمپیوٹرائزڈ اعتراضات کے بعد مشکوک پائلٹس کو فلائٹ سے منع کیا گیا۔

خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بیرونی دنیا سے اب تک 104 پائلٹس کےلائسنس کی تصدیق کے لیے رابطہ کیا گیا اور ان 104 پائلٹس کے لائسنس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

پاکستان کی سول ایوی ایشن کو مختلف ممالک کی جانب سے پائلٹوں سے متعلق سوالات موصول ہوئے تھے جس پر ڈی جی سی اے اے نے اپنے خط میں واضح کردیا ہے کہ پائلٹوں کو جاری کردہ تمام لائسنس اصلی اور درست ہیں۔

ڈی جی سی اے اے نے اپنے خط میں کہا کہ جعلی لائسنس سے متعلق خبریں میڈیا اور سوشل میڈیا میں غلط طریقے سے پیش کی گئی ہیں۔

’پی آئی اے کے85 پائلٹس کے لائسنسز کا فیصلہ نہیں ہوا‘

دوسری جانب جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پی آئی اے عبداللہ حفیظ نے کہا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے قومی ائیرلائنز کے 85 پائلٹس کے لائسنسز کا تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے 34 پائلٹس کے لائسنس سی اے اے نے بدستور معطل کر رکھے ہیں جب کہ 51 پائلٹس کے لائسنس پر کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔

0 Reviews

Write a Review

Read Previous

فلم ’زندگی تماشا‘ کو اسکریننگ کی اجازت مل گئی

Read Next

احسان اللہ احسان کو کس نے باہر جانے دیا: قمر زمان کائرہ

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے