• دسمبر 6, 2021

ہاتھ کا مخصوص اشارہ جس نے لڑکی کی جان بچائی

پولیس نے امریکا کی ریاست نارتھ کیرولائنا سے ایک نوجوان لڑکی کو ریسکیو کیا ہے جو کار سے ہاتھ باہر نکال کر مخصوص اشارہ کر رہی تھی۔

پولیس کے مطابق شمالی کیرولائنا سے تعلق رکھنے والی 16 سالہ لڑکی کے لاپتہ ہونے کی اطلاع اس کے والدین نے دی تھی۔

اطلاع کے دو دن بعد جمعرات کے روز، ایک موٹرسائیکل سوار نے 911 پر کال کی کہ اس نے ایک لڑکی کو گاڑی میں دیکھا ہے جو پریشان ہے۔

شکایت کنندہ گاڑی کے پیچھے جا رہا تھا اور اس نے گاڑی میں ایک خاتون کو ہاتھ سے اشارہ کرتے ہوئے دیکھا۔ یہ اشارہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ٹک ٹاک’ پر گھریلو تشدد کی نشاندہی کیلئے استعمال ہوتا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ اس اشارے کا مطلب ’مجھے مدد کی ضرورت ہے‘‘ لیا جاتا ہے۔

کینیڈین ویمن فاؤنڈیشن کے مطابق، ایک ہاتھ کا یہ اشارہ کوئی بھی شخص مصیبت میں استعمال کر سکتا ہے۔ اس کا طریقہ یہ ہے کہ سگنل دینے والا شخص اپنی ہتھیلی کو باہر کی طرف رکھتے ہوئے اپنا ہاتھ اوپر کرتا ہے، پھر اسی ہاتھ کا انگوٹھے ہتھیلی پر رکھتا ہے اور اپنی مٹھی بند کر لیتا ہے۔

پولیس نے سی این این کو بتایا کہ اطلاع دینے والے نوجوان کو اشارے کا مطلب معلوم تھا۔ اس نے 911 پر کال کی وہ گاڑی کے پیچھے سات میل تک حکام کو معلومات فراہم کرتا رہا۔

بالآخر پولیس کار کو پکڑنے اور لڑکی کو بازیاب کرانے میں کامیاب رہی۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم اصل میں لڑکی کو شمالی کیرولائنا سے اوہائیو لے گیا جہاں اس کے رشتہ دار ہیں۔

پولیس کے مطابق، جب اس کے رشتہ داروں کو پتہ چلا کہ لڑکی نابالغ ہے اور والدین نے لاپتہ ہونے کی اطلاع بھی دے رکھی ہے، تو نوجوان لڑکی کو وہاں سے لے کر نکل گیا۔

پولیس افسر نے بتایا یہ معلوم نہیں کہ لڑکی کب سے دوسرے موٹرسائیکل والوں کو اشارہ کر رہی تھی۔ اس امید پر کہ وہ اس کو سمجھیں گے، لیکن آخر کار ایک موٹر سائیکل سوار نے اس کا اشارہ سمجھ لیا۔

پولیس نے ملزم کو گرفتار کیا اور اس پر ایک نابالغ (12 سال سے زیادہ لیکن 18 سال سے کم عمر) کو غیر قانونی قید میں رکھنے کا الزام عائد کیا ہے۔

0 Reviews

Write a Review

Read Previous

کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے ایک ماہ کی جنگ بندی کا اعلان کر دیا

Read Next

صادق آباد: امونیا گیس پھیل گئی، شہریوں کو سانس لینے میں دشواری

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے