• اکتوبر 26, 2020

کشمیریوں نے حق پر قائم رہتے ہوئے سنتِ امام حسین کو زندہ رکھا، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں نے حق پر قائم رہتے ہوئے سنتِ امام حسین کو زندہ رکھا اور کربلا کی طرح کشمیر کو بھی معرکہ حق وباطل کی ایک عظیم مثال بنا دیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اگرچہ یومِ عاشور مختلف اعتبار سے بڑی اہمیت کا حامل ہے تاہم تاریخ اسلام میں اس دن کو ایک الگ رفعت و بلندی اور خاص اہمیت و انفرادیت امام عالی مقام کی شہادت اور واقعہ کربلا کی بدولت حاصل ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کربلا کا یہ عظیم معرکہ حق و باطل ہمیں یہ بات باور کراتا ہے کہ اسلام کی اعلیٰ اقدار کے فروغ و احیا کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنا ہی عزیمت اور کامیابی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ جذبہ شبیری مسلمانوں کے ایمان و یقین، سچائی اور اصول پسندی کی روایات کو جلا بخشتا ہے۔ یہ اسلام کے ابدی پیغام اور جذبہ قربانی کی لازوال اور روح پرور روایت کی آبیاری کا سرچشمہ بھی ہے جس کی نظیر تاریخ انسانی میں مشکل سے ہی ملتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ میرے نزدیک اسوہ حسین کا یہ پیغام ہر قلِب سلیم کیلئے ہے کہ وہ راہ حق میں آنے والی ہر پریشانی کو خندہ پیشانی سے قبول کرتے ہوئے اپنی جان جانِ آفرین کہ سپرد کر دے۔ اسی جذبہ سے سرشاری کے بعد ہم وطن عزیز اور اقوام عالم میں کوئی قابل ذکر کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ہمیں بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی سامراج سے برسر پیکار عوام کی قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرنا چاہیے جنہوں نے حق پر قائم رہتے ہوئے سنتِ امام حسین کو زندہ رکھا اور کربلا کی طرح کشمیر کو بھی معرکہ حق و باطل کی ایک عظیم مثال بنا دیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گذشتہ کچھ عرصہ سے کورونا وائرس کی وبا نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس میں ارض پاک بھی شامل تھی لیکن اللہ پاک کی مدد، حکومت کے بروقت اقدامات اور قوم کے بھر پور تعاون سے اس وبا کے پھیلائو پرکافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے جس پر پوری پاکستانی قوم کو اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہونا چاہیے۔

یوم عاشور کے دن قوم سے اپیل کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے اْمید ظاہر کی کہ آپ محرم الحرام کی تقاریب میں بھی حکومت پاکستان کی طرف سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر ضرور عمل پیرا ہوں گے اور کورونا وائرس سے محفوظ ماحول میں یوم عاشور عقیدت واحترام کے ساتھ، فرقہ واریت اور تعصب کو بالائے طاق رکھتے ہوئے منائیں گے اور امن وامان کو بھی یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کیلئے ضرور دعائیں کی جائیں۔ خدائے بزرگ و برتر آپ کی دعاوں کو شرف قبولیت سے نوازے۔

0 Reviews

Write a Review

Read Previous

شہدائے کربلاؓ کو خراج عقیدت، شہر شہر جلوس برآمد، سکیورٹی کے سخت انتظامات

Read Next

نواسہ رسولﷺ کی عظیم قربانی نے اسلام کو سربلند کر دیا: وفاقی وزیر اطلاعات

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے