• اپریل 18, 2021

پیپلز پارٹی کا پی ڈی ایم کے شوکاز نوٹس کا بھرپور جواب دینے کا فیصلہ

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے شوکاز نوٹس کا بھرپور جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

پاکستان پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنماوَں کو سخت جواب دینے کی ہدایت کر دی ہے۔   شیری رحمان، پرویز اشرف، فرحت اللہ بابر، نیئر بخاری جواب تیار کریں گے۔

مستند ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ جواب حتمی منظوری کے لیے آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو بھجوایا جائے گا، شوکاز نوٹس جاری ہونے کے بعد سی ای سی کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی شوکاز نوٹس کا جواب مصالحانہ کی بجائے جارحانہ انداز میں دے گی اور شوکاز نوٹس کے جواب میں ن لیگ اور پی ڈی ایم کی پالیسی کو ہدف تنقید بنائے گی۔

پیپلز پارٹی شوکاز نوٹس کے الزامات پر جلد پریس کانفرنس بھی کرے گی اور پی ڈی ایم اتحاد توڑنے کی کوششوں کا ن لیگ کو ذمہ ٹھہرایا جائے گا۔

گزشتہ روز اپوزیشن جماعتوں کے حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) نے پیپلزپارٹی کو اور عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی) کو شو کاز نوٹس جاری کیے تھے۔

 شو کازنوٹس میں دونوں جماعتوں کو 7 روز میں وجوہات بیان کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

مولانا فضل الرحمن نے بطور سربراہ شو کاز نوٹسز کی منظوری دی۔ اظہار وجوہ کے نوٹسز سیکرٹری جنرل پی ڈی ایم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے بھجوائے گئے۔

پیپلزپارٹی کو شو کاز نوٹس بلاول بھٹو زرداری اور اے این پی کو اسفندیار ولی کے نام سے بھجوائے گئے تھے۔ شو کاز نوٹس میں اپوزیشن لیڈر کے لئے باپ کے سینیٹرز کی حمایت لینے پر جواب طلب کیا گیا ہے۔

دونوں جماعتوں سے پی ڈی ایم کے اصولوں کی خلاف ورزی پر جواب طلب کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نوٹسز کے متن میں درج ہے کہ پیپلزپارٹی اور اے این پی کے اقدام اپوزیشن اتحاد اور تحریک کو نقصان پہنچا ہے، ایسا اقدام کیوں کیا، وجوہات سے آگاہ کیا جائے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سنیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی نے نوٹس موصول ہونے کی تصدیق کردی تھی۔

خیال رہے کہ پی ڈی ایم نے طے کیا تھا ایوان بالا میں اپوزیشن لیڈر ن لیگ کا ہوگا لیکن پیپلزپارٹی نے یوسف رضا گیلانی کو بنوا دیا۔

0 Reviews

Write a Review

Read Previous

انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے دورہ بنگلہ دیش کا شیڈول تبدیل

Read Next

پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس: ریکارڈ فراہمی کے متعلق فیصلہ محفوظ

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے