
پاکستان کی پارلیمان کے ایوان بالا یعنی سینیٹ میں اسلام آباد سے حزب اختلاف کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کے تین دن کے اندر ہی وزیر اعظم عمران خان نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ بھی حاصل کر لیا۔ اپوزیشن نے اس کارروائی کا بائیکاٹ کیا اور اب اپوزیشن رہنماؤں کی سرگرمیوں میں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
وزیر اعظم کی جانب سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے اگلے روز پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے پنجاب کے مرکز لاہور میں ڈیرے ڈال دیے۔ انھوں نے نو منتخب سینیٹر یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ اہم ملاقاتیں بھی کیں۔
جن اہم سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی گئی ہیں ان میں پنجاب اسمبلی کے سپیکر چوہدری پرویز الہیٰ، چوہدری شجاعت حسین اور پنجاب کے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شامل ہیں۔
0 Reviews