• نومبر 27, 2020

پشاور میں بی آر ٹی سروس 38 دن معطل رہنے کے بعد دوبارہ بحال ہوگئی

PAKISTAN-ECONOMY-TRANSPORT

پشاور میں جامع تحقیقات، نئے آلات کی تنصیب، لوڈ اور روڈ ٹیسٹینگ کے بعد بی آر ٹی سروس بحال کر دی گئی۔ ترجمان ٹرانس پشاور محمد عمیر خان کے مطابق بی آر ٹی بسیں صبح 6 سے رات 10 بجے تک چلائی جائیں گی جبکہ مرکزی راہداری پر ایکسپریس روٹ بھی فعال کردیا گیا۔ خیبر بازار سے مال آف حیات آباد تک خصوصی روٹ چلایا جائے گا جبکہ 25اکتوبر سے حیات آباد کے 3 ڈائریکٹ روٹس کو بھی بحال کردیا جائے گا۔ مسافروں کیلئے ہدایات میں ٹرانس پشاور نے کہا کہ بی آر ٹی میں سفر کرنے والے تمام افراد کیلئے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ بسوں میں خواتین، معذور اور معمر افراد کی مخصوص نشستوں پر دیگر لوگوں کا بیٹھنا منع ہوگا۔ مسافر حضرات بسوں میں غیر ضروری رش پیدا کرنے سے گریز کریں اور ایک بس میں جگہ نہ ہو تو اگلی بس کا انتظار کریں۔ گزشتہ دنوں چینی ماہرین نے بسوں میں بار بار آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کرکے صوبائی حکومت کو رپورٹ پیش کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ بسوں پر غیر معمولی وزن، غیر معمولی بیرونی ٹمپریچر اور کمزور الیکٹرک آلات کے باعث آتشزدگی کے واقعات ہوئے۔ پشاور بی آر ٹی کا افتتاح رواں سال 13 اگست کو وزیراعظم عمران خان نے کیا تھا مگر افتتاح کے بعد ایک ماہ کے اندر 4 بسوں میں آگ لگئی جس کے باعث 16 ستمبر کو صوبائی حکومت نے بسوں کی دوبارہ جانچ پڑتال کا فیصلہ کرتے ہوئے سروس کو عارضی طور پر معطل کردیا تھا۔ خیبرپختونخوا حکومت نے بی آر ٹی بسیں چینی کمپنی سے خریدی تھیں۔ اس لیے بسوں کی جانچ پڑتال اس کمپنی کے ماہرین نے کی۔ بدھ کو ماہرین نے تحقیقاتی رپورٹ خیبرپختونخوا حکومت کو پیش کردی ہے۔ رپورٹ کے مطابق افتتاح کے بعد غیر معمولی بیرونی حالات بی آرٹی میں نقص کا باعث بنی۔ بسوں میں غیر معمولی رش کے باعث موٹر کنٹرولر پر دباؤ پڑتا تھا جس کا بوجھ بسوں میں لگے کیپیسٹر پر جاتا تھا اور اس کے نتیجے میں کیپسٹر جل کر بس میں آگ لگنے کا سبب بن رہا تھا۔ ماہرین نے اپنی رپورٹ میں ان تمام مسائل کا دیرپا حل بھی تجویز کیا ہے جو بیرونی حالات کا مقابلہ کرے گا اور اگلے 12 سال تک کارآمد ہوگا۔ یاد رہے کہ ان بسوں کی وارنٹی 12 سال ہے۔ اس رپورٹ کی روشنی میں کمپنی تمام بسوں میں نصب موٹر کنڑولرز کو اپڈیٹ اور تبدیل کرے گی۔ بسوں کے درجہ حرارت کو مناسب طور پر برقرار رکھنے کے لیے اقدامات سمیت بسوں کی وائرنگ کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

0 Reviews

Write a Review

Read Previous

کورونا پھر بے قابو: 24 گھنٹے کے دوران مزید 12 اموات، 847 کیسز رپورٹ

Read Next

حمزہ شہباز کو جیل میں گھر کا کھانا اور دیگر سہولیات فراہم کرنیکا حکم

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے