• دسمبر 7, 2021

پاک بھارت کرکٹ سیریز کیلئے پیشکش کردی گئی

لاہور: متحدہ عرب امارات کی دبئی کرکٹ کونسل نے پاکستان اور بھارت کے مابین کرکٹ سیریز کرانے کی پیشکش کردی ہے۔

رپورٹس کے مطابق دبئی کرکٹ کونسل کے چیئرمین عبدالرحمان نے پاک بھارت سیریز کی میزبانی کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں شارجہ میں پاک بھارت میچز ایک جنگ کی طرح ہوتے تھے، وہ ایک کھیل کی جنگ ہوتی تھی جو کرکٹ کے لیے بہت اچھی تھی۔

عبدالرحمان کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) سے ان کے تعلقات اچھے ہیں، بھارت اگر ہاں کرتا ہے تو دونوں ممالک کی ٹیموں کے درمیان سیریز فائدہ مند ثابت ہوگی۔

چیئرمین دبئی کرکٹ کونسل نے مزید کہا کہ ہم بھارت کو پاکستان کے خلاف کھیلنے کے لیے راضی کر لیں تو یہ بہترین ہوگا، سال میں ایک یا دو بار دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کروائی جاسکتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین آئی سی سی نے کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسائل موجود ہیں، لیکن کرکٹ ملکوں کے تعلقات کو بہتر کر سکتی ‏ہے، ہم پاکستان میں چیمپیئز ٹرافی 2025 کے انعقاد کے بارے میں پُرامید ہیں، پاکستان میں بین الاقومی کرکٹ ہو رہی ‏ہے جس کے پیش نظر پاکستان کو یہ ایونٹ دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کو 29 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایونٹ کی میزبانی ملی ہے جس کے بعد پاکستان 2025 میں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا۔ پاکستان نے آخری مرتبہ 1996 میں آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کی تھی اور اس وقت 50 اوورز کے ورلڈ کپ کے کچھ میچز پاکستان میں ہوئے تھے۔ 2008 کی چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہونا تھی مگر حالات کی وجہ سے جنوبی افریقا منتقل ہوگئی تھی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ یقین ہے پاکستان چیمپئنز ٹرافی کیلئے بہترین انتظامات کرے گا۔ ہمیں پاکستان کی صلاحیتوں پر بھروسہ نہ ہوتا تو ایونٹ نہ دیتے،آئی سی سی کی نظر میں پاکستان کے پاس یہ سنہری موقع ہے کہ وہ کافی عرصے بعد عالمی ایونٹ کی میزبانی کرے۔ پاکستان میں 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کیلئے پراُعتماد ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 2025 کی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے دیگر ممالک کو پاکستان میں کھیلنے پر کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔

0 Reviews

Write a Review

Read Previous

کرسچین فیئر نے بھی ایف 16 مار گرانے کی تردید کر دی

Read Next

تقسیم کے وقت بچھڑے دوستوں کی کرتار پور میں 74 سال بعد ملاقات

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے