• اکتوبر 26, 2020

پارک لین ریفرنس، احتساب عدالت نے آصف زرداری پر فرد جرم عائد کر دی

اسلام آباد،احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس میں آصف زرداری پر فرد جرم عائد کر دی ، سابق صدر نے صحت جرم سے انکار کر دیا جس پر آئندہ سماعت پر گواہ طلب کر لئے گئے۔

احتساب عدالت کے جج محمد اعظم نے پارک لین کیس کی سماعت کی، آصف زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے حاضر ہوئے۔ دوران سماعت سابق صدر نے اعتراض اٹھایا کہ ان پر فردجرم عائد نہیں کی جا سکتی، ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک سپریم کورٹ میں مصروف ہیں۔ جج نے سابق صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چارج شیٹ کے الزامات سننے کیلئے وکیل کی ضرورت نہیں۔ آصف زرداری کو چارج شیٹ پڑھ کر سنائی گئی جس کے مطابق انہوں نے جعلی فرنٹ کمپنی بنا کر بینک کا قرض خوردبرد کیا، بطور صدر مملکت دباؤ ڈال کر ڈیڑھ ارب روپے کا قرض لیا۔ دھوکہ دہی سے حاصل ہونے والی رقم جعلی بینک اکاونٹس میں بھجوائی گئی۔ آصف زرداری نے چارج شیٹ میں سنائے گئے الزامات مسترد کر دیئے، کیس میں شریک ملزمان انور مجید، شیر علی، فاروق عبد اللہ اور محمد سلیم فیصل بھی ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے، ان پر فرد جرم عائد کی گئی تاہم انہوں نے بھی صحت جرم سے انکار کر دیا۔ اُدھر اڈیالہ جیل میں موجود ملزم محمد حنیف پر فردجرم عائد کی گئی تو اس نے بھی الزامات مسترد کر دیئے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کر لیا ہے۔ پارک لین ریفرنس جعلی اکاؤنٹس کیسز میں سے ایک کرپشن کیس ہے جس میں آصف زرداری سمیت 25 شیئر ہولڈرز تھے۔ کیس میں نیشنل بینک کے سابق صدور سمیت مختلف گواہان اپنے بیانات ریکارڈ کرا چکے ہیں۔

0 Reviews

Write a Review

Read Previous

اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 75 ویں سیشن کیلئے منتخب صدر وولکن بوزکر کی وزارت خارجہ آمد

Read Next

چمن میں ڈی پی او آفس کے قریب دھماکہ، 5 افراد جاں بحق، 17 زخمی

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے