• جنوری 17, 2022

وزیر داخلہ کا سری لنکن ہائی کمیشن کا دورہ، ہائی کمشنر سے ملاقات

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سری لنکن ہائی کمیشن اسلام آباد کا دورہ کیا اور ہائی کمشنر وائس ایڈمرل موہن وجے کرما سے ملاقات کی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا کہ سیالکوٹ فیکٹری حادثہ میں سری لنکا کے شہری پریانتھا کمارا کی ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کیا اور افسوسناک واقعے پرحکومت اور پاکستانی عوام کی طرف سے افسوس اور دکھ کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پریانتھا کماراکی افسوسناک موت پر پاکستانی عوام سوگوار ہے۔ حکومت اور پاکستانی عوام پرنتھار کماراکی ہلاکت پر خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ سانحہ سیالکوٹ واقعے میں ملوث تمام مجرمان کو قانون کے کٹہرے میں لائینگے۔ اس واقعے میں ملوث کسی بھی شخص سے رعایت نہیں برتی جائیگی۔ ہلاکت میں ملوث تمام مجرمان کو حکومت مثالی سزا دلائے گی۔

اس موقع پر سری لنکن ہائی کمشنر نے کہا کہ پریانتھا کمارا کی ہلاکت پر حکومت اور پاکستانی عوام کے ردعمل پر بہت مطمئن ہیں، افسوسناک حادثے پر عوام کے جذبات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات انتہائی دیرینہ ہیں۔ حالیہ واقعے سے متاثر نہیں ہونگے۔ نعش سرکاری اعزاز کے ساتھ سری لنکا رخصت کرنے پر حکومت پاکستان کے مشکور ہیں۔

اس سے قبل سیالکوٹ میں پیش آئے انسانیت سوز واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں، عدالت نے 13مرکزی ملزمان کو 15 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ مزید 7 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، اب تک گرفتار ملزمان کی تعداد 131 ہو گئی ہے۔

جج نتاشہ نسیم سپرا نے ملزمان کو 15 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ ملزمان کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کے گئے، ملزمان کو 21 دسمبر کو دوبارہ عدالت پیش کیا جائے گا۔

ادھر وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیالکوٹ سانحہ میں ملوث مزید ملزمان کی گرفتاری کے لئے سی سی ٹی وی فوٹیج اور موبائل کالز ڈیٹا کی مدد سے پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں، مزید 7 مرکزی ملزمان گرفتار کرلئے گئے۔ سری لنکن منیجر پر حملے کی پلاننگ میں شامل ملزم سمیت تشدد کرنے اور اشتعال پھیلانے والے بھی دھر لئے گئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ اسلام امن او رسلامتی کا دین ہے، غیر ملکی شہری کو زندہ جلانا گھناؤنا فعل ہے جس پر ہر آنکھ اشکبار ہے، کسی کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ قانون ہاتھ میں لے، سیالکوٹ واقعہ میں ملوث عناصر نے پاکستان کے امیج کو بے پناہ نقصان پہنچایا ہے، بربریت کا مظاہرہ کرنے والے درندوں کو قرار واقعی سزا دلائی جائے گی۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا، جس میں سیالکوٹ واقعہ کی مذمتی قرار داد منظور کی گئی، جس میں کہا گیا کہ علما ملک میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی پر قابو پانے کیلئے اقدامات کریں۔ قرار داد میں سری لنکن شہری کی جان بچانے والوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔

0 Reviews

Write a Review

Read Previous

کوئٹہ: پولیس موبائل پرنامعلوم افرادکا دستی بم حملہ، دوپولیس اہلکارزخمی

Read Next

بلاول بھٹو کا سانحہ سیالکوٹ کے مجرموں کو فی الفور سزائیں دینے کا مطالبہ

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے