• اکتوبر 16, 2021

’نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی پر وزیراعظم، آرمی چیف میں اتفاق رائے ہے‘

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی پر وزیراعظم عمران خان ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ میں اتفاق رائے ہے۔

 وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس آئی سے متعلق کابینہ کو اعتماد میں لیا گیا، نئے ڈائریکٹر جنرل انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کیلئے قانونی طریقہ کار اپنایا جائے گا۔ نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کیلئے تمام آئینی اور قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان طویل ملاقات ہوئی۔ یہ پاکستان کی تاریخ کے ضمن میں بھی بہت اہم ہے کہ پاکستان کی سول اور ملٹری کے درمیان بہت آئیڈیل تعلقات ہیں، وزیر اعظم آفس کبھی بھی کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائے گا جس سے پاکستان کی فوج کی عزت میں کمی ہو۔

اس سے قبل  پاک فوج میں تبادلے کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ ارکان کو اعتماد میں لیا۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اہم عہدوں پر تعیناتیوں کے حوالے سے کوئی اختلاف نہیں،ہم سب ایک پیج پر ہیں، جلد معاملہ حل کر لیں گے، نوٹیفکیشن کے معاملے کو غلط رنگ نہ دیا جائے۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ رحمت للعالمین اتھارٹی بچوں کیلئے تعلیمی نصاب کے حوالے سے کام کریگی، اتھارٹی کامقصد ہے کہ ہم سیرت نبی ﷺ سے سبق حاصل کریں، رحمت للعالمین اتھارٹی میں پاکستان سمیت دنیا کے سکالرز شامل ہوں گے۔

فواد چودھری نے کہا کہ محسن پاکستان اور ایٹمی سائنسدان کے خالق ڈاکٹر عبدالقدیر کی نماز جنازہ میں 15 سے زائد وزرا شریک تھے، ہمارے وزار میں یہ چیز نہیں ہے کہ ہم ہر جگہ پر اپنی تصاویر بنوائیں، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف اور نیول چیف بھی نماز جنازہ میں شریک تھے۔

انہوں نے کہا کہ ایئر سیال لمیٹڈ کو لائسنس کا اجرا کیا گیا ہے، 18اداروں کی اسامیاں ختم کی جارہی ہیں، 80 کے قریب ٹاپ لیول کی تعیناتیاں کر چکے ہیں، یوٹیلٹی سٹورز پر 5لاکھ میٹرک ٹن گندم کی ضرورت ہے، یوٹیلٹی سٹورز پر 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم فراہم کردی گئی۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس میں ایک نیا یونٹ بنانے سے متعلق بریفنگ دی گئی، یونٹ میں کیمرے اور ڈرون ٹیکنالوجی شامل ہے۔ افغانستان سے آنے والوں کیلئےویزہ فیس ختم کردی گئی ہے۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت لازمی دینا چاہتے ہیں، ہمارا ایسا کوئی اجلاس نہیں ہوا جس میں اوورسیز پاکستانیوں کی بات نہ ہو۔

0 Reviews

Write a Review

Read Previous

سب ایک پیج پر، اہم عہدوں پر تعیناتیوں پر کوئی اختلاف نہیں: وزیراعظم عمران خان

Read Next

دسویں اور بارہویں جماعت کا رزلٹ ،پنجاب کابینہ نے پالیسی کی منظوری دیدی

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے