• جنوری 21, 2022

مسئلہ کشمیر پر بھارت کیساتھ کوئی بیک چینل رابطہ موجود نہیں: شاہ محمود قریشی

اسلام آباد: وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بھارت کے ساتھ کوئی بیک چینل رابطہ موجود نہیں۔ ہمارا موقف واضح ہے کہ صورتحال کو ابتر بھارت نے کیا ہے لہذا اسے بہتر بنانے کی ذمہ داری بھی انہی پر عائد ہوتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کا اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا جس میں پاکستانی نژاد امریکی ڈیموکریٹک رہنما طاہر جاوید نےاجلاس میں شرکت کی۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بین الاقوامی فورمز پر اجاگر کرنے پر پاکستانی تارکین وطن کے کردار کو سراہا۔

امریکی ڈیموکریٹک رہنما، نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی امریکہ میں بہت متحرک ہے،،ہمارے لیے خوشی کی بات ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان صاحب بذریعہ واٹس ایپ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ساتھ رابطہ استوار کیے ہوئے ہیں۔

چئیرمین کشمیر کمیٹی نے کہا کہ وزیر خارجہ کا تہہ دل سے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اور ان کی ٹیم نے امریکہ سمیت مختلف ممالک میں، مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے اہم شخصیات سے ملاقاتوں میں میری معاونت کی، وزیر خارجہ کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے نیویارک میں او آئی سی کنٹیکٹ گروپ برائے کشمیر کے اجلاس میں مجھے شرکت کا موقع فراہم کیا۔

شاہ محمود نے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء سے مسئلہ کشمیر سلگ رہا ہے، سب حکومتوں نے مسلہ کشمیر کو زندہ رکھنے کی اپنے تئیں ہر ممکن کوشش کی ہے۔ بھارت، پاکستان کو نیچا دکھانے کیلئے ہر موقع کو استعمال میں لانے کی کوشش کرتا ہے، جب تک مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل نہیں ہوتا اس وقت خطے میں دیرپا امن ممکن نہیں، خوش آئند بات یہ ہے کہ سیاسی اختلافات کے باوجود مسئلہ کشمیر پر پوری پارلیمنٹ یک آواز ہے اور تمام ادارے ایک صفحہ پر ہیں،5 اگست 2019 کے یکطرفہ بھارتی اقدام کے بعد اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا،بھارت یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہا تھا کہ یہ ان کا اندرونی معاملہ ہے،سلامتی کونسل میں ان کے دعوے کی عملاً نفی ہوئی، او آئی سی، اقوام متحدہ کے بعد دوسرا بڑا فورم ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے او آئی سی کے مشترکہ اعلامیے بھرپور انداز میں سامنے آئے ، مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو ہم نے ہیومن رائٹس کونسل میں اٹھایا،مجھے ہاؤس آف کامنز میں ایک پارلیمانی وفد لے جانے کا موقع ملا جس میں پارلیمان میں موجود تمام جماعتوں کی نمائندگی موجود تھی،دو ایٹمی قوتوں کا جنگ کی طرف جانا خود کشی کے مترادف ہے،تمام پیچیدہ سے پیچیدہ مسائل، صرف گفتگو کے ذریعے حل ہو سکتے ہیں، ہمارا واضح موقف ہے کہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے،بھارت کے 5 اگست 2019 کے اقدامات بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہیں، ہندوستان، مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کے درپے ہے، بھارتی ہندتوا سوچ مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنا چاہتی ہے،ہندوستان نے جھوٹ پر مبنی تاثر دینے کے کوشش کی کہ 5 اگست 2019 کے اقدامات کشمیریوں کی بہتری کیلئے کیے،

انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے کشمیریوں کی معیشت تباہی سے دو چار ہوئی،ان اقدامات کے بعد، کشمیریوں کے اندر بھارت سرکار کے خلاف نفرت میں اضافہ ہوا، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوئترس، اور سابق صدر سلامتی کونسل والکن بوذکر جب پاکستان کے دورے پر آئے تو ان کے بیانات نے ہندوستان کے موقف کی نفی کی،ہندوستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں حالات کے معمول پر ہونے کا جھوٹا تاثر دینے کی کوشش کی،ہماری سفارتی کاوشوں سے ہندوستان کا یہ ناٹک بھی بے نقاب ہوا،ہندوستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی جدوجہد کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش کی،

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بین الاقوامی سطح پر لانے کیلئے ایک “ڈوزیر” جاری کیا،اس ڈوزیر میں بھارتی قابض افواج کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، نیویارک میں جنرل اسمبلی کے چھہترویں اجلاس کے موقع پر میں نے مختلف وزرائے خارجہ کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں انہیں “ڈوزیر” کی کاپی پیش کی تاکہ وہ حقائق کا جائزہ خود کر سکیں،ہندوستان کے اندر ایک بہت بڑا طبقہ حکومت کی کشمیر پالیسی پر آواز بلند کر رہا ہے،

وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہندوستان کےاندر سے اٹھنے والی آوازیں ہمارے بیانیے کو تقویت دیتی ہیں،ہیومن رائٹس کمیشن کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے دو رپورٹس کا شائع ہونا ہمارے موقف کی تائید ہے،اس سال 27 اکتوبر کو ہم نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے بلیک ڈے پر بھرپور انداز میں آواز بلند کی، میں 5 اگست 2019 سے اب تک سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ اور صدر سلامتی کونسل کو 25 کے قریب خطوط لکھ چکا ہوں تاکہ انہیں حقائق سے آگاہ رکھا جائے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہندوستان کی جانب سے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو دہشت گردی سے تعبیر کرنے کی سازش بھی ناکامی سے دوچار ہوئی، خواہش ہے مارچ 2022 میں اسلام آباد میں متوقع او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے اگلے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے رپورٹ او آئی سی کی رپورٹ کو پیش کیا جا سکے،ہماری کوشش ہے کہ مسئلہ کشمیر کو دنیا کہ ہر فورم پر پوری شدومد کے ساتھ اجاگر کیا جائے،وزیر خارجہ نے پارلیمان کی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اہم بین الاقوامی فورمز پر اجاگر کرنے کیلئے مختلف تجاویز دیں۔

انہوں نے کہا کہ 74 سالوں کے بھارتی جبرو استبداد کے باوجود، کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے، بھارت کو کشمیریوں کے ساتھ دل و دماغ کی جنگ میں شکست ہوئی، بزرگ کشمیری رہنما سید علی گیلانی کے جسد خاکی کے ساتھ جو ہتک آمیز رویہ بھارت سرکار نے اپنایا وہ انتہائی شرمناک ہے،اللہ کا شکر ہے کہ قومی مفادات کے امور پر قومی اتفاق رائے موجود ہے، آج مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ہندوستان کے ساتھ کوئی بیک چینل رابطہ موجود نہیں۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارا موقف واضح ہے کہ صورتحال کو ابتر ہندوستان نے کیا ہے لہذا اسے بہتر بنانے کی ذمہ داری بھی ہندوستان پر عائد ہوتی ہے،ہندوستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا سب سے زیادہ نقصان نہتے کشمیریوں کو اٹھانا پڑا،ہمارا موقف واضح ہے ہم کشمیریوں کو ان کے جائز حق، حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی معاونت جاری رکھیں گے۔

0 Reviews

Write a Review

Read Previous

پنجاب :بلدیاتی قانون سازی مشکلات کا شکار ،پرویز الہیٰ نے نئی تجاویز دیدیں

Read Next

بھارتی کسانوں کا احتجاج کامیاب،مودی سرکار نے گھٹنے ٹیک دیئے

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے