
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ کسی بھی شہری کو قانون ہاتھ میں لینے کا حق نہیں ہے، محسن بیگ کے پاس یہ اختیار نہیں تھا کہ وہ ایف آئی اے کی ٹیم پر فائرنگ کرتے۔
اسلام آباد میں عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ ساڑھے 7 سال پہلے سیاسی حریفوں کو دبانے کیلئے نواز شریف نے مقدمہ درج کرایا، آج عدالت نے طلب کیا ہمیں اور ہم حاضر ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ عدالت میں وکیل نے دلائل دیئے ہیں، کچھ ثابت نہیں ہوا، ایسے مقدمے میں عمران خان صاحب بری ہوچکے ہیں۔صحافی کی جانب سے گزشتہ روز پیش آئے واقعے سے متعلق سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ کل جو واقعہ ہوا اس کی تفصیلات نہیں پتا، ایک صاحب کے خلاف ایف آئی آر تھی، ایف آئی اے گرفتاری کیلئے گئی تو انہوں نے پستول نکال لیا۔
شفقت محمود نے کہا کہ میں نے گرفتاری کی تصویر دیکھی ہے جس میں ملزم نے پستول پکڑی ہوئی ہے، تصویر میں ملزم پولیس اہلکار کو مار بھی رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پولیس پر فائر کھولنے کی روایت ٹھیک نہیں، کسی بھی شہری کو حق نہیں کہ قانون کو ہاتھ میں لے، قانون کی بالادستی کو ماننا چاہیے، ہم سب بھی آج عدالتوں میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو حق حاصل ہے کہ وہ درخواست دے سکتا ہے، درخواست پر تحقیقات اداروں کا کام ہے
0 Reviews