• اپریل 14, 2021

فوربز میگزین: 2ہزار 755 ارب پتی 130 کھرب ڈالرز کے مالک

واشنگٹن: ایک ایسے وقت میں جب کہ عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا کی معیشت زوال پذیر ہے اور لوگوں کو جسم و جاں کا رشتہ برقرار رکھنا مشکل تر ہو گیا ہے تو دنیا کو یہ بتا کر فوربز میگزین نے ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے کہ بہت سے ارب پتی اسی عرصے کے دوران کھرب پتی ہو گئے اور کئی افراد کی دولت میں ناقابل یقین حد تک اضافہ ہوا ہے۔فوربز میگزین نے گزشتہ روز دنیا کے ارب پتی افراد کی 35 ویں سالانہ فہرست جاری کی تو معلوم ہوا کہ فہرست میں دنیا کے 2 ہزار 755 ارب پتی افراد شامل ہیں۔شاید! ارب پتی افراد کی دولت میں ہونے والے اضافے نے فوربز میگزین کے  چیف کنٹینٹ ہیڈ رینڈل لین کو بھی ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے جبھی تو انہوں نے ایک عالمی خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ بہت بہت امیر اور بھی زیادہ امیر ہو گئے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق ارب پتیوں کی سالانہ فہرست کے تحت امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایمیزون کے بانی جیف بیزوس مسلسل چوتھے سال بھی پہلے نمبر پر ہیں۔ ان کے اثاثوں کی مالیت 177 ارب ڈالرز ہے۔فوربز کے مطابق رواں سال کے ان ارب پتیوں کی مجموعی دولت 13 اعشاریہ ایک کھرب ڈالرز ہے جو گذشتہ سال آٹھ کھرب ڈالر تھی۔گاڑیاں بنانے والی بڑی کمپنی ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک کا اس فہرست میں دوسرا نمبر ہے۔ گزشتہ سال اپنی دولت کے حساب سے وہ 31 ویں نمبر پر تھے۔ ان کے اثاثوں کی مالیت 151 ارب ڈالرز ہے۔تیسرا نمبر لگژری اشیا بنانے والی فرم لوئس ووٹن کے چیف ایگزیگٹو برنارڈ آرنالٹ کا ہے۔ ان کے اثاثے 150 ارب ڈالرز ہیں۔ چوتھے نمبر پر مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس ہیں جن کے اثاثے 124 ارب ڈالرز کے ہیں۔ پانچویں نمبر پر فیس بک کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ ہیں۔ ان کے اثاثے 97 ارب ڈالرز کے ہیں۔سرمایہ کار اور بزنس ٹائیکون وارن بفٹ دو دہائیوں کے بعد پہلی مرتبہ دنیا کے پہلے پانچ امیر ترین افراد کی فہرست سے باہر ہوئے ہیں کیونکہ فوربز کی درجہ بندی میں ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ایگزیکٹوز کا غلبہ ہے۔اس سال کی فہرست میں 493 نئے افراد شامل ہوئے ہیں جن میں ڈیٹنگ ایپ بمبل کی چیف ایگزیکٹو وہٹنی وولف ہرڈ بھی شامل ہیں۔فوربز کی فہرست کے مطابق امریکہ بدستور سب سے زیادہ ارب پتیوں کی سرزمین ہے جب کہ اس حوالے سے چین دوسرے اور بھارت تیسرے نمبر پر موجود ہے۔اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں 724، چین میں 626 اور بھارت میں 140 ارب پتی رہتے ہیں۔فوربز میگزین کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران 493 نئے ارب پتی منظر عام پر آئے ہیں۔ ان نئے ارب پتیوں میں سے 210 کا تعلق چین اور ہانگ کانگ سے ہے جب کہ 98 امریکی شہری ہیں۔

0 Reviews

Write a Review

Read Previous

افریقہ کی ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت

Read Next

A1 Tv Headlines 12 PM | 07 th April 2021

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے