• ستمبر 26, 2021

عمر شریف کی طبیعت انتہائی ناساز، وزیراعظم سے مدد کی اپیل

پاکستان کے لیجنڈ کامیڈین عمر شریف کی حالت انتہائی ناساز ہے اور انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے درخواست کی ہے کہ ان کے علاج میں مدد کی جائے۔

کامیڈین عمر شریف گزشتہ کچھ عرصے سے بیمار ہیں۔ پچھلے دنوں ان کی ایک تصویر بھی وائرل ہوئی تھی جس میں وہ وہیل چیئر پر بیٹھے کافی بیمار نظر آرہے تھے۔ تاہم ان کے اہلخانہ کا کہنا تھا کہ عمر شریف خیریت سے ہیں۔

اب عمر شریف کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ وزیر اعظم عمران خان سے ان کے علاج میں مدد کرنے کی درخواست کررہے ہیں۔ عمر شریف اپنے ویڈیو پیغام میں کہہ رہے ہیں ’’ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ بہتر علاج کے لیے مجھے باہر ملک جانا چاہئے، ڈاکٹرز کے مطابق میرا بہتر علاج امریکا میں ہوسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا جتنا میری قسمت میں لکھا تھا میں نے عمران خان کی شوکت خانم کینسر اسپتال بنانے میں مدد کی۔

میں عمر شریف مخاطب ہوں وزیراعظم پاکستان جناب عمران خان  صاحب سے۔ عمران خان صاحب جب بھی کوئی چیز کی ہے آپ نے مجھے فون کیا ہے۔ میں نے ہمیشہ آپ کی آواز پر لبیک کہا ہے اسی لیے مجھے یقین ہے آپ بھی میری آواز پر  لبیک کہیں گے‘‘۔

ویڈیو میں عمر شریف بہت بیمار نظر آرہے ہیں اور اسپتال میں ہیں یہاں تک کہ ان سے ٹھیک طرح سے بات بھی نہیں کی جارہی۔ یہ ویڈیو گزشتہ رات نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ’’الیون آور‘‘ میں شیئر کی گئی تھی۔

علاوہ ازیں عمر شریف کی اہلیہ زرین عمر نے کامیڈین کے تصدیق شدہ فیس بک پیج پر ان کی طبیعت کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’عمر شریف کے لیے 24 گھنٹے انتہائی اہم ہیں لہذا جتنا ہوسکے ان کے لیے دعا کریں۔ مسز زرین عمر‘‘

زرین عمر نے ایک اور پوسٹ میں  لکھا ’’میں زرین عمر اور جواد عمر حکومتی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ ہم صرف یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ عمر اور ان کے اہلخانہ نے حکومت اور کسی ادارے سے مالی امداد کی درخواست نہیں کی۔ ہم عمر شریف کا ویزا جلد سے جلد حاصل کرنے کے لیے مدد مانگ رہے ہیں۔

اس پوسٹ میں زرین عمر نے اینکر وسیم بادامی، حکومتی ترجمان ڈاکٹر شہباز گل، امریکی کارڈیولوجسٹ ڈاکٹر طارق شہاب اور عمر شریف کے دوست سفیر بٹ کا شکریہ ادا کیا اور لکھا انہوں نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ وہ عمر شریف کی صحت سے متعلق ہر چیز کا خیال رکھیں گے‘‘۔

واضح رہے کہ عمر شریف کے نام سے مشہور پاکستان کے معروف اداکار، کامیڈین، ہدایت کار، پروڈیوسر اور ٹیلی ویژن شخصیت کا اصل نام محمد عمر ہے۔ عمر شریف کا شمار نہ صرف پاکستان کے بلکہ برصغیر کے نامور کامیڈینز میں ہوتا ہے۔ ان کا مشہور اسٹیج ڈراما ’’بکرا قسطوں پر‘‘ پاکستان اور بھارت کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں بے حد مقبول ہوا تھا۔

0 Reviews

Write a Review

Read Previous

عدالت نے صبا قمر اور بلال سعید کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردئیے

Read Next

ندا یاسر کے ’فارمولا ون‘ والے مہمان کا بیان سامنے آگیا

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے