• ستمبر 30, 2022

عثمان خواجہ نے پاکستان سے جڑی بچپن کی یادیں شیئر کردیں

آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم میں شامل پاکستانی نژاد بیٹر عثمان خواجہ نے پاکستان سے جڑی اپنی بچپن کی یادیں مداحوں کے ساتھ شیئر کر دیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی میں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ جاری ہے اور کھیل کے چوتھے روز آسٹریلیا کی ٹیم بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث تاخیر سے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز کرے گی۔

آسٹریلیا کی ٹیم میں پاکستانی نژاد بیٹر عثمان خواجہ بھی شامل ہیں جو گزشتہ روز 97 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے عثمان خواجہ سے انٹرویو کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے جس میں آسٹریلوی بیٹر پاکستان میں گزرے اپنے بچپن کے یادگار لمحات اور کرکٹ سے متعلق بات کر رہے ہیں۔

عثمان خواجہ نے بتایا کہ میں اپنے بھائیوں کے ساتھ گھر کے بیک یارڈ میں کرکٹ کھیلا کرتا تھا، مجھے آج بھی وہ گھر بہت اچھی طرح یاد ہے، میں گھر میں شرارتیں بھی کیا کرتا تھا جس میں سے کچھ آج بھی میرے ذہن میں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 2010 میں فیملی کے ساتھ پاکستان آیا تھا تو مری کی سیر کے لیے بھی گئے تھے اور یہاں موجود فیملی ممبران کے ساتھ بہت سی دیگر جگہیں بھی دیکھی تھیں۔

آسٹریلوی بیٹر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کرکٹ کو بہت زیادہ دیکھتا تھا اور اپنے والد کو پاکستان کرکٹ کے ایک بہت بڑے فین کے طور پر دیکھتے ہوئے بڑا ہوا ہوں۔

عثمان خواجہ نے بتایا کہ پھر ہم آسٹریلیا منتقل ہو گئے اور میرے والد نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ میں جس شہر میں پیدا ہوا وہاں آسٹریلیا کی طرف سے کھیلوں گا، یہ میرے لیے بہت خاص ہے۔

بائیں ہاتھ کے بیٹر کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا والے ٹیسٹ کرکٹ کو بہت پسند کرتے ہیں اور وہاں پر بھی پاکستان کی طرح بڑی تعداد میں تماشائی میچ دیکھنے اسٹیڈیم آتے ہیں۔

0 Reviews

Write a Review

Read Previous

حلیم عادل شیخ پر حملے کی کوشش، مقدمہ درج

Read Next

امریکی ماہر نے جاسوسی کیلئے روبوٹک ٹڈا تیار کر لیا

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔