
لاہور:سیشن کورٹ نے قومی کرکٹر بابر اعظم اور ان کی فیملی کو خاتون کو ہراساں کرنے سے روک دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ قانون ہر شہری کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیتا ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج عابد رضا نے لاہور کی رہائشی خاتون حمیزہ مختار کی قومی کرکٹر بابر اعظم اور ان کے اہل خانہ کی جانب سے ہراساں کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ پاکستان کا قانون ہر شہری کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔ سیشن کورٹ نے کہا کہ درخواست میں نامزد افراد کو ہدایت کی جاتی ہے کہ قانونی راستہ اختیار کریں، درخواست گزار کو غیر قانونی ہراساں نہ کیا جائے۔ خاتون نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور ان کے فیملی ممبرز انہیں ہراساں کر رہے ہیں، ان کی دھمکیوں سے جان کو خطرہ ہے، لہذا عدالت انہیں ہراساں کرنے سے روکے۔ عدالت نے خاتون کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے غیر قانونی ہراسگی سے روک دیا۔ چند روز قبل لاہور کی رہائشی خاتون حمیزہ مختار نے الزامات عائد کئے تھے کہ قومی کرکٹر بابر اعظم نے شادی کا جھانسہ دیا اور جنسی ہراساں کیا ہے۔
0 Reviews