
سربیا سے تعلق رکھنے والے ٹینس کے عالمی نمبر ایک نواک جوکووچ نے روم میں کلے کورٹ پر ہونے والا اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سخت مقابلے کے بعد جیت کر نیا ریکارڈ قائم کر دیا اور وہ سب سے زیادہ 36 اے ٹی پی 1000 ماسٹرز ٹائٹلز جیتنے والے کھلاڑی بن گئے۔ انہوں نے عالمی نمبر 2 اور کلے کورٹ اسپیشلسٹ رافیل نڈال کو پیچھے چھوڑ دیا جن کے اے ٹی پی 1000 ماسٹرز ٹائٹلز کی تعداد 35 ہے۔ راجر فیڈرر 28 اعزازات کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ آندرے اگاسی نے 17 اور اینڈی مرے نے 14 ٹائٹل جیتے ہیں۔ 33 سالہ نواک جوکووچ نے ارجنٹائنی کھلاڑی ڈیگو شوارٹزمین کو پہلے سیٹ میں جان گسل مقابلے میں 5-7‘ 3-6 سے زیر کیا۔ پہلے سیٹ میں شوارٹزمین نے جم کر مقابلہ کیا اور ابتدا میں ہی اپنے حریف پر برتری حاصل کر لی تھی۔ ایک مرحلے پر ایسا لگتا تھا کہ ارجنٹائنی کھلاڑی کوارٹر فائنل جیسا ہی اپ سیٹ کر دے گا لیکن نواک جوکووچ پانچویں گیم جیتنے کے بعد زیادہ سنبھل کر کھیلے۔ ڈراپ شاٹس نے ان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ دوسرے سیٹ میں بھی ابتدا میں شوارٹزمین کو برتری حاصل تھی لیکن جوکووچ نے جلد ہی کھیل پر کنٹرول حاصل کر لیا اور مسلسل تین گیمز جیت کر دوسرا سیٹ 3-6 سے اپنے نام کر کے فائنل جیتا
0 Reviews