• مئی 26, 2022

روس کا پشاور دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہارِ افسوس

لاہور:  روس نے خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ہونے والے خود کش دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پشاور کے علاقے قصہ خوانی میں کوچہ رسالدار کی جامع مسجد میں جمعہ کی نماز کے دوران دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں اب تک امام ارشاد خلیلی سمیت 62 افراد شہید ہوگئے تھے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق  روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے پشاور میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا اور ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کی۔

دوسری طرف سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے لکھا کہ روسی ہم منصب سرگئی لاروف کیساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔

شاہ محمود نے کہا کہ روسی وزیر خارجہ کی جانب سے خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کی مسجد پر ہونے والے دہشتگردی حملے میں جانی نقصان پر تعزیت اور دہشتگردی کی مذمت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ٹیلیفونک رابطے کے دوران یوکرین کی صورتحال پر پاکستان کی تشویش پر میں نے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی دفعات کے مطابق سفارتی حل کی ضرورت سے آگاہ کیا۔

انہوں نے ٹویٹر پر مزید لکھا کہ یوکرین، پولینڈ، رومانیہ، ہنگری کے وزرائے خارجہ اور یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندوں کے ساتھ حالیہ ٹیلیفونک گفتگو پر روسی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سرگئی لاروف کو پاکستان کا اصولی موقف بتایا، بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیر خارجہ نے مزید لکھا کہ روس، یوکرین کے درمیان انسانی ہمدردی کی بنیاد پر راہداری کھولنے، وزیر خارجہ سرگئی لاروف کی جانب سے پاکستانی شہریوں کے محفوظ اور فوری انخلا کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کو سراہتے ہیں۔

ایک اور ٹویٹ میں شاہ محمود قریشی نے لکھا کہ او آئی سی کے جنرل سیکرٹری کیساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، انہوں نے پشاور میں ہونے والے دہشتگردی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے، او آئی سی کے جنرل سیکرٹری کی جانب سے دہشتگردی کیخلاف پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کے اقدام کو سراہتے ہیں۔

مزید ٹویٹ میں وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے لکھا کہ صومالیہ کے وزیر خارجہ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے پشاور میں ہونے والی دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ ۔

Read Previous

کورونا سے اموات میں کمی، سات افراد جاں بحق، 755 نئے کیسز رپورٹ

Read Next

روس اور یوکرین میں مذاکرات کا تیسرا دور کل ہو گا

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔